کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 4 روپے 87 پیسے سستی 

12:30 PM, 29 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کی درخواست پر صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب روپے سے زائد کا ریلیف فراہم کردیا۔
کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دی اور کہا کہ کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہو گا۔
نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے جبکہ کے الیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔
سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے کیا کررہی ہے جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔

مزیدخبریں