نیشنل ٹی 20 کپ، بلوچستان کو 77 رنز سے شکست، سندھ نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی

07:00 PM, 29 Sep, 2021

راولپنڈی: نیشنل ٹی 20 کپ کے 9 ویں میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 77 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی ہے۔ 
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 25 گیندوں پر ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے جبکہ شان مسعود 31، شرجیل خان 34، خرم منظور 10، سعود شکیل 32 اور انور علی 22 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
بلوچستان کی جانب سے خرم شہزاد سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 25 رنز کے عوض 1 وکٹ حاصل کی جبکہ عمید آصف اور کاشف بھٹی نے بھی ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
بلوچستان کی ٹیم 176 رنز کے تعاقب میں سندھ کے باؤلرز کی طوفانی کارکردگی کا شکار ہو کر محض 98 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ بلوچستان کے اوپنرز عبدالواحد بنگلزئی اور امام الحق نے 46 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی تاہم مڈل آرڈر اس مثبت آغاز کا فائدہ نہ اٹھا پایا۔ 
بلوچستان کی جانب سے عبدالواحد بنگلزئی 29رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں امام الحق 19، عبداللہ شفیق 8، حارث سہیل 9، سہیل اختر 3، عماد بٹ 1، بسم اللہ خان 12، کاشف بھٹی 5، عمید آصف 4اور عاکف جاوید بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ 
سندھ کی جانب سے زاہد محمود نے 13 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دانش عزیز نے 23 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شاہنواز دھانی نے 4 جبکہ رومان رئیس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزیدخبریں