اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے نیشنل ٹی 20 کپ کے میچز کے دوران تماشائیوں کی تعداد 50 فیصد سے زائد بڑھانے کی منظوری دیدی ہے جس کا اطلاق یکم اکتوبر سے کھیلے جانے والے میچز پر ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ این سی او سی نے یکم اکتوبر سے تین اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول نیشنل ٹی 20 کپ کے میچز کے دوران تماشائیوں کی تعداد 50 فیصد سے زائد بڑھانے کی اجازت دیدی ہے تاہم صرف ایسے افراد ہی ٹکٹ خرید سکیں گے جن کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔
پی سی بی کے مطابق ٹکٹ کی خریداری اور سٹیڈیم میں داخلے کے وقت نادرا کی جانب سے جاری کیا گیا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا ضروری ہو گا جبکہ اصلی قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔18 سال سے کم عمر کے افراد کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ میچ دیکھنے کیلئے آنے والوں کو ماسک بھی لازمی پہننا ہو گا۔
واضح رہے کہ قومی ٹی 20 کپ میں دو روز کے وقفے کے بعد آج پہلا میچ سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے جبکہ دوسرا میچ ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان ہو گا۔ ٹورنامنٹ میں ابھی تک سندھ، سینٹرل پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی ٹیموں نے تین، تین میچز میں سے دو میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ناردرن پنجاب اور بلوچستان ایک، ایک میچ جیت سکی ہیں۔