پی ایس ایل مالکان چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ سے ناخوش، عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا

پی ایس ایل مالکان چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ سے ناخوش، عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نو منتخب چیئرمین رمیز راجہ اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز مالکان کی آپس میں ٹھن گئی اور اجلاس کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ۔ رمیز راجہ نے فرنچائز مالکان کو واضح الفاظ میں بتا دیا کہ کسی بھی معاملے پر حتمی فیصلہ کرکٹ بورڈ کا ہو گا جبکہ فرنچائز مالکان نے عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل ہونے والے پی ایس ایل کے اجلاس کے دوران کوئٹہ گلیڈیٹرز کے مالک ندیم عمر نے چیئرمین پی سی بی کو دو ٹوک الفاظ میں معاملات حل کرنے کا کہا اور اس دوران دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا اور دونوں جانب سے غصے کا اظہار کیا جاتا رہا۔ 
ملتان سلطانز کے نمائندے حیدر اظہر نے اجلاس کے دوران ڈالر کا ریٹ طے کرنے کا کہا جس پر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ جو ڈالر کا ریٹ ہے اسی حساب سے چلے گا، مجھے نیب جانے کا کوئی شوق نہیں ہے۔ پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی نے رمیز راجہ کو کہا کہ مستقبل کے تین مہینے پی ایس ایل کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، سوچ لیں ، جس پر رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آپ تین مہینے کا سنا کر مجھے ڈرانا چاہ رہے ہیں؟ 
کوئٹہ گلیڈیٹرز کے مالک ندیم عمر نے معاملات حل نہ ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا کہا تو رمیز راجہ نے واضح کیا کہ آپ کی مرضی ” ٹیک اٹ اور لیو اٹ” آپ کی طرف سے اچھی تجویز ہے لیکن ہو گا وہی جو میرا فیصلہ ہو گا۔ پی ایس ایل اجلاس گرما گرم بحث کے بعد بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہو گیا اور رمیز راجہ نے فرنچائزز کو ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ کر لیں، ہو گا وہی جو پی سی بی فیصلہ کرے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ناخوش ہیں اور انہوں نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، انہیں اختیارات میں کمی اورتنخواہ میں کٹوتی پر تحفظات تھے۔