کورونا کیسز میں کمی، این سی او سی نے 8 شہروں میں پابندیاں نرم کردیں

01:28 PM, 29 Sep, 2021

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے 8 شہروں میں عائد پابندیوں میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان شہروں میں سکردو، گلگت، مظفر آباد میرپور، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں۔

این سی او سی کا یہ اہم اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت ہوا جس میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال اور ویکسین لگانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ڈیڑھ سال سے کورونا کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ بندشوں کا فیصلہ وبا کے پھیلاؤ کو دیکھ کر کیا جاتا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ دنیا سمجھ چکی ہے کہ وبا سے نکلنے کا حل ویکسی نیشن ہی ہے۔ یکم اکتوبر سے بندشیں لگانے کا فیصلہ ویکسین لگانے کی شرح کے حساب سے ہوگا۔ کاروباری حضرات سے اپنے علاقوں کی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان ڈور اجتماعات میں 300 افراد کی گنجائش کی اجازت ہوگی۔ ویکسی نیٹڈ افراد کیلئے سینما ہالز کھول دیئے جائیں گے۔ جن شہروں سے پابندیاں اٹھائی گئی ہیں وہاں ہفتے میں 7 دن ریسٹورنٹس کھلے رہیں گے، باقی شہروں میں ہفتے میں ایک دن کی چھٹی کی پالیسی برقرار رہے گی۔ یکم اکتوبر سے ویکسی نیٹڈ افراد فضائی سفر کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کامیاب رہی، 8 کروڑ افراد کی ویکسی نیشن جبکہ 2 کروڑ 70 افراد کی دونوں ڈوز مکمل ہو چکی ہیں۔ 30 ستمبر کے بعد جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی، کام نہیں کر سکیں گے۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ملک میں ویکسین اچھی مقدار میں موجود ہے، اب ہماری سٹریٹجی ویکسین پر منحصر ہے۔ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسین بھی شروع کر دی ہے۔ چاہتے ہیں تعلیمی نظام بغیر رکاوٹ کے چلے۔ 

ڈاکٹر فیصل سلطان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ویکسین سے متعلق کسی قسم کے پروپیگنڈا پر توجہ نہ دیں، حاملہ خواتین کیلئے ویکسین ضروری اور محفوظ ہے۔ اس کے علاوہ بیماری سے مکمل بچاؤ کیلئے دوسری ڈوز لگوانا بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وائرس کی نت نئی اقسام آتی رہتی ہیں۔ ویکسین سے ہی پابندیوں سے نجات ملے گی۔ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ پولیو مہم میں ٹیموں کے ساتھ تعاون بہت ضروری ہے۔ ڈینگی سے بچنے کیلئے صفائی کا بھی خصوصی خیال رکھیں۔

مزیدخبریں