امریکی ڈرون افغان فضائی حدود میں داخل ہونے پر طالبان نے سپرپاور کو وارننگ دے دی

11:07 AM, 29 Sep, 2021

کابل : طالبان نے  افغانستان کی فضائی حدود میں ڈرون بھیجنے پر امریکا کو وارننگ جاری کردی ۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان ایک آزاد ملک ہے اس کی زمینی اورفضائی حدود کی خلاف ورزی ہرگزقبول نہیں کی جائے گی ۔ 

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان نے امریکا کی طرف سے افغان فضائی حدود میں ڈرون بھیجنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ہر ملک اپنی زمینی اور فضائی حدود کا مالک ہوتا ہے لہذا امارات اسلامی افغانستان کی زمین اور فضائی حدود کا سرپرست ہے ۔ 

طالبان کا کہنا ہے کہ امریکا نے افغان فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنا ڈرون بھیجا ہے جو افغان حکومت کے لئے کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے ۔ امریکا نے ناصرف بین الاقوامی قوانین کو توڑا ہے بلکہ آزاد ملک کی حیثیت سے افغانستان کے قوانین کو بھی پامال کیا ہے ۔ 

 طالبان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کو چاہئے کہ وہ  بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں  خاص طور پر امریکا ہمارے قوانین کو سمجھے اوراب ایسی خلاف ورزیوں کو روک دے ۔ 

یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کے قیام کے بعد  کئی عالمی امور پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے  اور طالبان نے عالمی رائے سے کئی مرتبہ اختلاف کا اظہار کیا ہے ۔ 

مزیدخبریں