برلن : اداکار عمر شریف کی اہلیہ نے چار گھنٹے تھانے میں گذارے ۔ عمر شریف کے ہمراہ ائرایمبولینس میں امریکی سفر پر جانے والی زریں غزل بغیر ویزے کے جرمنی میں داخل ہوئی تھیں ۔
تفصیلات کے مطابق اداکار عمر شریف علاج کے لئے ائرایمبولنس کے ذریعے امریکا جارہے تھے ۔ ائر ایمبولینس کو راستے میں فیولنگ کے لئے جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے ائر پورٹ پر پہلااسٹاپ اوورکرنا تھا ۔
دوران سفر عمر شریف کو بخار اور تھکاوٹ کی وجہ سے ڈاکٹروں نے سٹاپ اوور کو طویل کرنے کا فیصلہ کیا اور عمرشریف کو نیورمبرگ کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ۔ اہلیہ عمر شریف کے پاس جرمنی کا ویزہ نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ ائر پورٹ سے باہر نہیں جاسکتی تھیں ۔
ہنگامی ویزے کے لئے ان کو مقامی تھانے میں جا کر اجازت حاصل کرنا پڑی جس کے لئے ان کو چار گھنٹے تک تھانے میں گذارنا پڑے ۔ اس دوران اداکار عمر شریف ہسپتال میں ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہے جبکہ زریں عمر نے تھانے جاکر اپنی موجودگی کو لیگل کرانے کے لئے خصوصی اجازت لی اور اجازت ملنے کے بعد وہ ہسپتال اپنے شوہر عمرشریف کے پاس پہنچیں ۔
اداکار عمر شریف کو علاج کے لئے امریکا لے کر جانے والے ائیر ایمبولینس کی اگلی منزل آئس لینڈ ہے ۔
یاد رہے کہ پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف عارضہ قلب میں مبتلا ہیں اور امریکا کے جارج واشنگٹن ہسپتال میں علاج کے لئے خصوصی ائرایمبولینس کے لئے امریکا جارہے ہیں ۔
اداکار عمر شریف کے علاج کے لئے جارج واشنگٹن ہسپتال میں آپریشن کے انتظامات مکمل ہیں ۔