لاہور: لاہور کے علاقے ڈیفنس میں گزشتہ روز فائرنگ سے لیڈی ڈاکٹر جاں بحق ہو گئی تھیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں نے ڈاکٹر حولہ احمد کو قتل کیا۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں لیڈی ڈاکٹر حولہ احمد اپنی سہیلی کے گھر جا رہی تھی، جیسے ہی مقتولہ زیڈ بلاک ڈیفنس لاٸبرئری کے پاس رکیں تو 2 ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر موبائل فون اور پرس چھین لیا، مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کرکے انھیں موقع پر ہی قتل کردیا جبکہ مسروقہ سامان لے کر فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ اور پولیس موقع واردات پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کرکے ایمبیولینس کے ذریعے مقتولہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کو مردہ خانے منتقل کیا۔
ڈیفنس پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا یہ معاملہ بظاہر ڈکیتی مزاحمت نظر آ رہا ہے تاہم دیرینی دشمنی اور دوسرے پہلوؤں پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزموں نے مقتولہ کی گردن پر گولی ماری جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ مقتولہ کا تعلق ایک پڑھے لکھے خاندان سے ہے، ان کے والد بشارت بھی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں جبکہ ڈاکٹر خولہ احمد ایک سرکاری ہسپتال میں ہاٸوس جاب کر رہی تھیں جبکہ اس کی ایک بہن اور ایک بھاٸی بیرون ملک مقیم ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز سہیل چودھری نے ایس پی کینٹ کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریس کیا جائے۔