اقوام متحدہ کاپاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کیلئے امید کا اظہار  

07:41 AM, 29 Sep, 2021

نیویارک: اقوام متحدہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ کشمیر اور دیگر دو طرفہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات ہوں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دو جارک نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ اقوام متحدہ ہمیشہ پرامید رہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت ہو سکتی ہے اوریہ بات چیت درپردہ بھی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے یہ بات وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر اٹھانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جاری الفاظ کی جنگ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

سٹیفن دو جارک نے کہا کہ ہم نے بیانات سنے اور میرے خیال میں لہجے اور تبصرے کے مواد کے باوجود ہم ہمیشہ پرامید رہتے ہیں کہ بات چیت ہو سکتی ہے شایدیہ بات چیت اس جگہ پر ہوجو لوگوں کی نظروں میں نہ ہو۔

وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں دفعہ 370 کی منسوخی کے حوالے سے بھارتی حکومت کے 5 اگست 2019 کے فیصلے کے ساتھ ساتھ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی جبری تدفین پر بات کی تھی۔

مزیدخبریں