اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین افغان کونسل برائے قومی مفاہمت عبداللہ عبداللہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں اور سیاسی حل ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، خوشی ہے عالمی برادری نے ہمارے اس مؤقف کو تسلیم کیا ہے اور عالمی برادری نے افغانستان کا امن عمل آسان بنانے میں پاکستان کا مثبت کردار بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا، طالبان کا امن معاہدہ امن کی کوششوں کے لیے اہم قدم تھا جبکہ امید ہے افغان قیادت اس تاریخی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔ امید ہے افغان قیادت وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کیلئے تعمیری انداز میں کام کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی سے تشدد میں کمی کیلئے تمام افغان جماعتوں کو کام کرنا ہو گا، پاکستان افغانستان کے مستقبل کے بارے میں ہوئے اتفاق کی حمایت کرے گا، پاکستان افغان تنازع کے حل کے بعد بحالی، معاشی ترقی میں بھی حمایت جاری رکھےگا۔
عمران خان نے کہا کہ پاک افغان تجارت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستان افغان راہداری تجارت کی سہولت کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔ افغانستان سے تجارت، معاشی، عوامی تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے۔