راولپنڈی: شوکت خانم کینسر میموریل ہسپتال کا مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف ہرجانے کا دعوی منظور ہوگیا۔
راولپنڈی کی عدالت نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبزادہ نقیب شہزاد نے کیس کا فیصلہ سنایا تاہم مسلم لیگی رہنما حنیف عباسی فیصلہ سننے عدالت نہ آئے۔ عدالت نے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کا ہتک عزت کا دعوی منظور کرتے ہوئے حنیف عباسی کے الزامات کو مسترد کردیا۔
مسلم لیگی رہنما نے ہسپتال انتظامیہ پر سنگین کرپشن کے الزامات لگائے تھے لیکن ان الزامات کو وہ ثابت نہ کرسکے۔ ہسپتال انتظامیہ نے حنیف عباسی پر 10 ارب روپے کے ہرجانہ کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے ان الزامات کو ہسپتال کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔