لاہور: شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے دونوں کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
فارن آفس کی جانب سے سلمان شہباز اور ہارون یوسف سے متعلق رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فارن آفس کے ذمہ دار افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔
عدالت نے سلمان شہباز اور ہارون یوسف کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی جویریہ علی کی مستقل حاضری کی معافی کی درخواست منظور کر لی۔
خیال رہے کہ آج احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔