لاہور: رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ ہم نے نیب نیازی گٹھ جوڑ کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے عدالت میں پراسیکیویشن کو گواہوں بارے چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ کسی ایک گواہ نے ان کیخلاف ایک الزام لگایا ہو۔ ان کے اکاؤنٹ میں ایک روپے کی ٹرانزکشن دکھا دیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ سراسر انتقام اور ظلم ہے۔ چیئرمین نیب کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف کے اثاثے 2 مختلف جگہوں پر ڈکلیئرڈ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے پیغام دیا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے آگے جھکنا نہیں، آج انہوں نے عدالت میں اپنا کیس خود لڑا ہے۔ عدالت پیشی پر ان کا حوصلہ بلند تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نالائق اور نااہل ٹولہ ملک پر مسلط ہے۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ ظلم کیخلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر اس ظلم کا مقابلہ کرے گی۔