اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تمام پرائمری سکولز کو بروز بدھ مورخہ 30 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ بچوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متفقہ فیصلہ کیا ہے پرائمری سکولز میں 30 ستمبر سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔ این سی او سی میں آج تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ فیصلہ سازی میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پرائمری سکولز میں ایس او پیز کے ساتھ کلاسز شروع ہوں گی۔ تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد کورونا کے 0.8 فیصد کیسز سامنے آئے۔
انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ والدین کو یقین دلاتے ہیں کہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔