لندن: سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف کی گرفتاری کو سخت ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم ناانصافی کبھی قبول کریں گے اور نہ ہی کسی کے سامنے جھکیں گے۔ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں کئے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا۔ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکایا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ شہباز شریف کو گرفتار کرکے اس کٹھ پتلی نظام نے اے پی سی کی قرارداد کی توثیق کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، اے پی سی میں کیے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد ہو گا۔