باکو : آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان گھمسان کی لڑائی میں ہلاکتوں کی کل تعداد 69 ہو گئی ہے۔
جن میں 11شہری بھی شامل ہیں۔پیر کو آذربائیجان کے پراسیکیوٹرز جنرل کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق پیر کی شام کو کاراباخ کے باغیوں کی سرحدی ضلع ٹِرٹِر کے گاﺅں پر گولہ باری کے نتیجے میں مزید دو شہری جاں بحق ہوگئے ہیں۔
ادھر کاراباخ کی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق پیر کو ان کے 27 جنگجو لڑائی میں ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد اس لڑائی میں اب تک ہلاک ہونے والے فوجیوں کی کل تعداد 58 ہو گئی ہے ۔
علاوہ ازیں پیر کی شام آرمینیا کی وزارت دفاع کے ترجمان آرٹسرن ہوہنیسیان نے کہا ہے کہ آذربائیجان جنوب اور شمال مشرقی سرحدی کی جانب سے پوری شدت سے حملہ آور ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس لڑائی میں اب تک گیارہ شہری بھی مارے جا چکے ہیں جن میں سے 9کا تعلق آذربائیجان سے ہیں جبکہ دو آرمینین شہری ہیں۔ آذربائیجان نے ابھی کسی فوجی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔