قوم نے جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے تاریخی خطاب کی پذیرائی کی, معاون خصوصی

09:11 PM, 29 Sep, 2019

اسلام آباد: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی دکانوں کو چمکانے کے بجائے تمام سیاسی رہنماؤں کو کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

 

تفصیلات کے مطابق ، معاون خصوصی برائے اطلاعات نے  ایئرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری قوم کے نمائندوں نے وزیراعظم عمران خان  کا والہانہ استقبال کیا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر جم غفیر نے اپنے محبوب قائد کو خوش آمدید کہا۔

 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم  نے دورہ امریکا میں پوری دنیا کو دین اسلام کے ایک ہونے کا پیغام دیا۔ پوری قوم نے جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے تاریخی خطاب کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ہم سب مسلمان نبی آخر الزمان ﷺ کے پیروکار ہیں۔

 

معاون خصوصی نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلام کے ٹھیکیداروں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی، آزادی مارچ والوں کا چورن اب بکنے والا نہیں ہے۔ مذہب کے ٹھیکے دار ہوش کے ناخن لیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ پیر کو وزیراعظم زلزلہ زدگان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے میرپور جائیں گے۔ زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

 

مزیدخبریں