حوثی باغیوں نے ہزاروں کی تعداد میں سعودی فوجی پکڑنے کا دعویٰ کر دیا

11:34 AM, 29 Sep, 2019

صنعا: یمن کے حوثی باغیوں نے ہزاروں کی تعداد میں سعودی فوجیوں کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے سعودی قصبے نجران کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے سعودی فوجیوں کو حراست میں لیا اور کارروائی کے دوران سعودی فوج کو بھاری جانی نقصان بھی ہوا۔

حوثی باغیوں کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرون، میزائل اور فضائی دفاعی نظام کی مدد سے کیے جانے والے حملے میں دشمن فوج کی تین بریگیڈز کو تباہ کیا گیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے سعودی فوجیوں میں بڑی تعداد میں سعودی افسران بھی شامل ہیں جب کہ سعودی فوج کے زیر استعمال بکتر بند گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

یمن کے حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے سعودی فوجیوں کو سعودی فضائی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

سعودی حکام کی جانب سے تاحال حوثی باغیوں کے دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں یمنی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور 14 ستمبر کو سعودی عرب کی سرکاری آئل ریفائنری پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی حوثی باغیوں نے قبول کی تھی تاہم سعودی عرب اور امریکا نے ان حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔

مزیدخبریں