لاہور: محکمہ اینٹی کرپشن ساہیوال نے پاکپتن میں شریف فیملی کی زیر ملکیت اتفاق شوگر ملز میں کارروائی کرتے ہوئے 36 کنال سرکاری اراضی واگزار کرا لی۔
ترجمان محکمہ اینٹی کرپشن کے مطابق اتفاق شوگر ملز 1982 سے اس رقبے پر قابض تھی جسے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر واگزار کروا لیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اتفاق شوگر ملز میں 36 کنال سرکاری رقبہ غیر قانونی طور پر شامل کیا گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سرکاری رقبے پر مل مالکان نے اسٹورز اور لیبارٹری قائم کر رکھی تھی جسے اینٹی کرپشن حکام نے واگزار کروا کے ریونیو عملے کے حوالے کر دیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ واگزار کروائی گئی سرکاری زمین کی مالیت 3 کروڑ 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔ مل انتظامیہ سے 1982 سے اب تک کے بقایا جات بھی وصول کیے جائیں گے۔