آئی سی سی نے بال ٹیمپرنگ کے قوانین میں تبدیلی کر دی

آئی سی سی نے بال ٹیمپرنگ کے قوانین میں تبدیلی کر دی
کیپشن: فوٹو فائل

دبئی: آئی سی سی نے بال ٹیمپرنگ کی سزا میں اضافہ کر دیاہے اور اب بال کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے باؤلر کو 12 ایک روزہ میچ یا 6 ٹیسٹ میچوں میں پابندی کا سامنا کرنا ہوگا ۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پوائنٹس میں کٹوتی کو 8 سے بڑھا کر 12 کر دیا ہے اسی طرح لیول 3 کی شقوں کی خلاف ورزی پر اب میچ ریفری ہی سماعت کر کے سزا سنائے گا جب کہ اس سے قبل یہ صرف لیول ٹو کی شق کی خلاف وزری تک محدود تھا۔

 
نئے قوانین کے تحت اب لیول 4 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے کی صورت میں ہی جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا جب کہ امپائرز سے بدتمیزی، کھیل کے دوران گالم گلوچ اور بال ٹیمپرنگ کے علاوہ کوئی بھی ناجائز حربے پر اب لیول 2 اور لیول 3 شق کی خلاف ورزی کے تحت سزاسنائی جائے گی۔

نئے قوانین میں آئی سی سی نے میچ ریفری کے دائرہ اختیار کو بھی بڑھا دیا ہے جس کے تحت ڈک ورتھ لوئس سسٹم، آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ اور پلینگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔علاوہ ازیں آئی سی سی نے پلینگ کنڈیشنز میں بھی معمولی ردوبدل کرتے ہوئے 700 ون ڈے میچز اور 428 ٹی ٹوئنٹی میچز کو بنیاد بنا کرڈک ورتھ سسٹم کا تیسرا ورژن جاری کیا ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے قوانین میں تبدیلی کا اطلاق اتوار 30 ستمبر کو جنوبی افریقا اور زمبابوے کے درمیان کمبرلے میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔