فاٹا کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، وزیراعظم عمران خان

12:11 AM, 29 Sep, 2018

پشاور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام کو باقی شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہیں، فاٹا کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت فاٹا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت وفاقی وزیر دفاع، پرویز خٹک، وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا نور الحق، چیف سیکریٹری کے پی، آئی جی پولیس، فاٹا سیکریٹریٹ اور پاک آرمی کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فاٹا میں انتظامی، قانونی، ترقیاتی انضمام کے لیے تیز تر کام کی ضرورت ہے، اداروں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، فاٹا کے عوام کی فلاح و بہبود ہی ہم سب کا ایک مقصد ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا کے انضمام میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے، فاٹا کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، فاٹا کے عوام کو باقی شہریوں کے برابر حقوق حاصل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچے تھے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں وزیراعظم کو 100 روزہ پلان سے آگاہ کیا گیا تھا، اس اہم ملاقات میں خیبرپختون خوا کی صوبائی کابینہ کے علاوہ وزیر دفاع پرویز خٹک اورارباب شہزاد بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقات کی تھی. اس اہم ملاقات میں خطے میں سیکیورٹی و استحکام سے متعلق بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں