امریکی صدر کے الزامات سے پاکستانیوں کے احساسات مجروح ہوئے، عمران خان

06:55 PM, 29 Sep, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے پاکستانیوں کے احساسات مجروح ہوئے ہیں ایسا لگتا ہے امریکی پاکستانی تاریخ سے ناواقف ہیں۔

امریکی میڈیا سے با ت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام اور طالبان کو شکست دینے میں امریکی ناکامی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا ناقابل قبول ہے امریکی صدر کے بیان سے کروڑوں پاکستانیوں کے احساسات مجروح ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن ٹرمپ کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ امریکی پاکستانی تاریخ سے ناواقف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جوہری ہتھیار محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور اس حوالے سے افواہیں پروپیگنڈا ہے۔افغانستان میں طالبان کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور ان کا وجود ایک حقیقت ہے جسے جھٹلایا نہیں جاسکتا، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد حملے کیے جاتے ہیں، لیکن جنگ اور بے جا خون خرابہ مسئلے کا حل نہیں امریکا طالبان کو ختم کرنے کی بجائے پاکستان کی مدد سے ان سے مذاکرات کرنے چاہئے۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نوازشریف کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں اگر ہمیں اقتدار ملا تو کرپٹ لوگوں کے لئے ملک میں کوئی گنجائش نہیں چھوڑیں گے۔

مزیدخبریں