واشنگٹن:امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں ٹیسلا اور سپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ سنہ 2024 تک عام لوگوں کو مریخ پر بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال ان کی کمپنی اس کام کے لیے درکار خلائی جہاز تیار کرنا شروع کر دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کمپنی سپیس ایکس کی توجہ اب اس کام پر مرکوز ہوگی کہ وہ ایک ایسا خلائی جہاز تیار کرے جو کمپنی کی موجودہ ضروریات سمیت ایک سیارے سے دوسرے سیارے کے سفر کا کام بھی سر انجام دے سکے۔
انٹرنیشنل ایسٹرونوٹیکل کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگ جن دوروں کو ابھی طویل مانتے ہیں، ایسے زیادہ تر دوروں کو نصف گھنٹوں میں مکمل کیا جا سکے گا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک نے انٹرنیشنل ایسٹرونوٹیکل کانگریس کے سامنے گذشتہ سال مریخ عام لوگوں کو لے جانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ اب ایک سال بعد انھوں نے اس کے بارے میں مزید تفصیلات دیں ہیں۔