لاہور: اب تک شوگر چیک کرنے کیلئے سوئی والی ڈیوائس استعمال کی جاتی تھی جس کی وجہ سے کئی شوگر کے مریض تحفظات کا شکار نظر آتے تھے، مگر اب ان کی یہ پریشانی بھی سائنسدانوں نے دور کر دی ہے ، کیونکہ سائنسدانوں نے ایسی ڈیوائس متعارف کروائی ہے جو بغیر کسی سوئی کے شوگر چیک کر سکتی ہے۔
امریکی سائنسدانوں کی تیار کردہ اس الیکٹرانک ڈیوائس کی فروخت کے لیے فوڈاینڈڈرگ اتھارٹی(ایف ڈی اے)نے منظور ی دے دی ہے، اس ڈیوائس کے ذریعے جسم سے بغیر خون نکلے اور سوئی چبھے شوگر چیک کی جاسکے گی۔ماہر ذیابطیس کے مطابق شوگر ڈیوائس گیم چینجر اور شوگر کنٹرول کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی اور یہ آئندہ سال تک پاکستان میں بھی فروخت کے لیے دستیاب ہوگی جب کہ یہ ڈیوائس ان لوگوں کے لیے زیادہ مفید رہے گی جن کی شوگر بہت زیادہ اوپر نیچے رہتی ہے۔
اس ڈیوائس میں موبائل فون نما ریڈر اور جلد پر چپکانے والا سینسر بھی موجود ہوگا، بوتل کے کیپ کی شکل والے سینسر میں ایک سوئی موجود ہوگی جو خود بخود جلد میں داخل ہوجائے گی، اس ڈیوائس کی ایک اور خصوصیت یہ بھی ہوگی کہ یہ ہر 8 گھنٹے بعد جسم میں موجود گلوکوز کا تجزیہ بھی بتاسکے گی۔