خواجہ آصف کے متنازعہ بیان پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع

خواجہ آصف کے متنازعہ بیان پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع

لاہور: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے بیانات پر سخت ردعمل کے بعد اب تحریک انصاف نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرا دی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ کے بیانات سے پاکستان بھر کی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ وزیر خارجہ نے بھارت اور امریکہ کو خوش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ان کے بیانات نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ معلوم نہیں کہ وزیر خارجہ کس کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت وزیر خارجہ کو انکے منصب سے برطرف کر کے وضاحت طلب کرے۔

خواجہ آصف کو ہٹانے کیلئے پی ٹی آئی کے ایم این اے مراد سعید نے بھی تحریک التواء تیار کر لی ہے۔ قومی اسمبلی میں جمع کرائی جانے والی تحریک التواء میں مطالبہ کیا جائے گا کہ اسپیکر معمول کی کارروائی روک کر وزیر خارجہ سے مکمل وضاحت طلب کریں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس نے وزیر اعظم کو خط لکھا ہے کہ وزیر خزانہ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے۔ خط  کے متن کے مطابق فرد جرم عائد ہونے کے بعد اسحٰاق ڈار کا منصب سے چمٹے رہنا شرمناک ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں