میانمر حکومت نے رویہ نہ بدلا تو کسی ایکشن سے گریز نہیں کریں گے، امریکا

12:58 PM, 29 Sep, 2017

نیو یارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں امریکا کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے میانمر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اگر میانمر حکومت نے رویہ نہ بدلا تو کسی ایکشن سے گریز نہیں کریں گے۔ نکی ہیلی نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ میانمر کو اسلحہ کی سپلائی معطل کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ظلم و ستم دنیا میں مہاجرین کا تیز ترین مسئلہ بن چکا ہے جو انسانوں اور انسانی حقوق کے لئے ایک ڈراونا خواب ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں میانمار سے جان بچا کر بھاگنے والے روہنگیائی افراد بالخصوص خواتین اور بچوں سے متعلق انتہائی لرزہ خیز معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر اسلحے سے فائرنگ، بارودی سرنگوں سے ان کی ہلاکت اور خواتین کے ساتھ زیادتی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ امدادی اداروں اور سامان کو متاثرہ علاقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے اور ینگون حکومت اس حوالے سے مخاصمانہ پالیسی فوری طور پر ترک کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر موجودہ صورت حال جاری رہی تو خدشہ ہے کہ سنگین صورت حال وسطی راکھائن تک پھیل سکتی ہے جہاں آباد ڈھائی لاکھ مسلمان بھی اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے میانمر حکومت پر زور دیا کہ فوجی آپریشن فوری بند کرے اور مسلمانوں کو دوبارہ آباد کرے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

 

مزیدخبریں