لاہور : اداکارہ رضیہ ملک اپنی فلم کے آسکر ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے پر خوش، ساتھی فنکاروں کی مبارکبادیں وصول کرنے میں مصروف۔
تفصیلات کے مطابق فلم،، ٹی وی اور سٹیج کی معروف اداکارہ رضیہ ملک کی فلم ”مائی پیور لینڈ“ کو حال ہی میں دنیا کے مقبول ترین آسکر ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیا ہے، اسے بہترین غیر ملکی فلم کی کیٹیگری میں نامزدگی ملی ہے۔
اس فلم کے پروڈیوسر فیاض ادریس، ڈائریکٹر سیم ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں سوہائے علی ابڑو، تنویر شاہ، احسن مراد، صاحب احمد، عاطف، طیب، انعم شامل ہیں۔ اس فلم میں جائیداد کے تنازع کو موضوع بنایا گیا ہے اور کہانی تین بچوں کی ماں کے گرد گھومتی ہے جس کے خاوند اور بیٹے کو قتل کر دیا جاتا ہے۔ یہ کردار اداکارہ رضیہ ملک نے نبھایا ہے جو اپنی جائیداد کو بچانے کیلئے اپنے بچوں کے ساتھ مل کر دشمنوں سے مقابلہ کرتی ہے۔
ایک ملاقات میں رضیہ ملک نے بتایا کہ فلم کے آسکر کیلئے نامزد ہونے پر مجھے بے پناہ خوشی ہے اور یہ اعزاز حاصل ہونے پر میں اپنے رب کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے۔