وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی فیوچر انویسٹمنٹ فورم پر ملاقات

09:02 PM, 29 Oct, 2024

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کے 8ویں ایڈیشن کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے دو طرفہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کی دور اندیش قیادت کو فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس کے انعقاد پر سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی وژن 2030 پاکستان کی کلیدی پالیسی مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اقتصادی شراکت داری کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں جاری دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں آنے والے اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے حالیہ دورے کا ذکر کیا اور اس دورے کے دوران دستخط کردہ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) کی بنیاد پر پاک سعودی معاشی تعلقات کا احاطہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں بے پناہ تباہی ہوئی ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مذہبی اور ثقافتی تعلقات دہائیوں سے قائم ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جو اس ملاقات کے ذریعے عکاسی ہوتی ہے۔

مزیدخبریں