کراچی:شہرقائد میں کل صبح کے وقت شہر کی فضاؤں پر دھند چھا سکتی ہے، جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش گوئی کے مطابق، شہر میں آئندہ 3 روز کے دوران مختلف موسمی حالات دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔ بدھ کو مطلع گرم و مرطوب رہے گا، اور صبح کے وقت دھند چھانے کی توقع ہے، جس سے حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
جمعرات کو موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دھند چھانے کا سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔ جمعرات کو بلوچستان کی شمال مغربی صحرائی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جب کہ جمعرات کو یہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 67 فیصد رہا۔ دیہی سندھ کے شہید بے نظیر آباد میں درجہ حرارت اوسط سے 3 ڈگری بڑھ کر 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔