راولپنڈی: روسی فیڈریشن کے نائب وزیر دفاع الیگزینڈر وی فومن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق، اس ملاقات میں علاقائی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ آرمی چیف نے روس کے ساتھ روایتی دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فریقین نے سکیورٹی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر روسی نائب وزیر دفاع نے پاکستان آرمی کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو سراہا۔