سعودیہ اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن: وزیراعظم شہباز شریف

سعودیہ اور دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن: وزیراعظم شہباز شریف

ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر دوست ممالک کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام ممکن ہوا ہے۔

سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے، اور عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم علم پر مبنی معیشت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور مشترکہ مستقبل کی طرف بڑھنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ترقی کے ویژن کی تعریف کی اور کانفرنس کے انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔

شہباز شریف نے نوجوانوں کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کی ترقی کے لیے خصوصی منصوبوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے ایک انقلاب برپا کر دیا ہے، اور ہم ان کے فروغ پر توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے دانش سکولز منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے وسائل سے محروم طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، اور یہ منصوبہ کامیاب رہا ہے۔ صحت کے شعبے میں بھی پاکستانی اداروں کی خدمات کو سراہا گیا۔

وزیراعظم نے انسانی ترقی کے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ خوشحالی کی مشترکہ منزل کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کریں گے۔

مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے غزہ میں قتل و غارت روکنا ہوگی، جس نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔"

مصنف کے بارے میں