پنجاب میں سموگ سے نمٹنے کے لیے ماسک لازمی قرار، ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت

06:23 PM, 29 Oct, 2024

لاہور: پنجاب حکومت نے بڑھتی ہوئی سموگ کے پیشِ نظر ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور ماسک پہننے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسموگ کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے اور کہا ہے کہ صوبے بھر میں موجودہ حالات میں ہر شہری کو ماسک پہننا ضروری ہوگا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا کہ ہر شہری کو ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اقدامات میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تیز ہواؤں کے ذریعے آنے والی اسموگ سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اسموگ پر قابو پانے کے قواعد و ضوابط (ایس او پیز) پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور چمنیوں کو بند کیا جائے گا، جبکہ فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی ہو گی اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی لانے کے لیے ہنگامی ٹریفک پلان جاری کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں