بانی پی ٹی آئی کے حقوق پامال ہوئے تو پورا پاکستان بند کر دیں گے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

05:52 PM, 29 Oct, 2024

 پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خبردار کیا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں غیر منصفانہ سلوک جاری رہا تو پورے پاکستان کو بند کر دیں گے۔

ایک ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور نے وفاقی اور پنجاب حکومت پر بانی پی ٹی آئی کے ساتھ بدترین رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو ضروری سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کبھی بجلی منقطع کر دی جاتی ہے تو کبھی کھانے میں تاخیر کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور اگر شکایات موصول ہوتی رہیں تو پورے ملک میں احتجاج کر کے تمام کاروبار زندگی معطل کر دیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے حکومت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس حکومت کے دن گن رہے ہیں اور بہت جلد پاکستان کو بند کر کے "جعلی حکومت" سے نجات حاصل کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے اور ان کی جماعت کو مجبور کر رہی ہے کہ وہ پرامن نہ رہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے غداری کرنے والوں کے لیے جماعت میں کوئی جگہ نہیں۔

مزیدخبریں