کیلیفورنیا: میٹا کی جانب سے گوگل اور مائیکرو سافٹ کے بنگ سرچ انجنز پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ایک نیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) پر مبنی سرچ انجن تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، میٹا کا یہ AI سرچ انجن مستقبل میں میٹا AI چیٹ بوٹ کے ذریعے صارفین کو مختلف موضوعات پر تفصیلات فراہم کرے گا۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب میٹا کو اب تک خبروں، اسٹاکس اور اسپورٹس وغیرہ کی تفصیلات کے لیے گوگل اور بنگ جیسے سرچ انجنز پر انحصار کرنا پڑ رہا تھا۔
اس سے قبل اوپن اے آئی نے بھی اپنا AI سرچ انجن متعارف کرایا تھا جس کا مقصد گوگل کی بالادستی کو چیلنج کرنا ہے، اگرچہ اوپن اے آئی اب بھی جزوی طور پر مائیکرو سافٹ بنگ پر انحصار کرتا ہے۔
میٹا نے حال ہی میں رائٹرز کے ساتھ بھی ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت وہ رائٹرز کے مواد کو استعمال کرکے اپنے صارفین کو تازہ ترین خبروں اور حالاتِ حاضرہ کی معلومات فراہم کرے گا۔
دوسری جانب، گوگل بھی اپنے AI ماڈل "جیمنائی" کو تیزی سے سرچ انجن کا حصہ بنا رہا ہے تاکہ صارفین کو بہتر ویب سرچنگ کا تجربہ فراہم کیا جاسکے۔
میٹا کی جانب سے فی الحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔