کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ آئیڈیاز 2024ء کی بین الاقوامی دفاعی نمائش 19 سے 22 نومبر تک کراچی میں منعقد ہوگی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نمائش کے دوران 21 نومبر کو سی ویو پر کراچی شو کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نمائش کے لیے فٹ پاتھ کی پینٹنگ، گرین بیلٹس میں پودے لگانے اور سڑکوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ آئیڈیاز 2024 پاکستان کی شناخت کا حصہ بن چکی ہے اور یہ نمائش ملکی اور عالمی دفاعی صنعت کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے سے عالمی امن اور استحکام کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ آئیڈیاز 2024 پاکستان کے عالمی پارٹنرز کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اور اس نمائش کی میزبانی پاکستان کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔