مختلف شہروں میں بارش ، پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان

10:04 AM, 29 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور :  محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

 زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، لیکن بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی پنجاب میں ابر آلود موسم، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں پر ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔

اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے بعض دیگر علاقوں میں صرف تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سندھ کے کئی علاقوں میں گرم رہنے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات اور دیگر شمالی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوسکتی ہے، جبکہ پشاور اور خیبر سمیت کئی اضلاع میں تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

وادی نیلم میں موسلادھار بارش اور سیاحتی مقامات پر برفباری کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں