سعودی عرب کے نیوم شہر میں پرتعیش جزیرے سندالہ کا افتتاح

12:12 AM, 29 Oct, 2024

سعودی عرب :بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے مستقبل کے عظیم الشان شہر نیوم کے تحت ایک پرتعیش جزیرے، سندالہ کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سندالہ میں اعلیٰ معیار کے ریستوراں، ہوٹلز اور کشتی رانی کی سہولیات موجود ہیں، جو سیاحوں کے لیے ایک منفرد تجربہ فراہم کریں گی۔

نیوم کی جانب سے سندالہ کو اپنی "اولین ظاہری نمائش" قرار دیا گیا ہے اور یہ جزیرہ "بحیرہ احمر کے دروازے" کے طور پر کام کرے گا، جس سے یورپی، سعودی اور جی سی سی ممالک کے کشتی مالکان کو آسانی سے رسائی حاصل ہوگی۔

نیوم کے سی ای او نظمی النصر نے کہا کہ سندالہ کے افتتاح سے نیوم سعودی عرب میں پرتعیش سیاحت کے ایک نئے دور کا آغاز کر رہا ہے۔ یہ جزیرہ مہمانوں کو نیوم کے مستقبل کے منصوبوں کی پہلی جھلک فراہم کرے گا۔

سندالہ 8 لاکھ 40 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا منصوبہ ہے کہ 2028 تک روزانہ 2,400 مہمانوں کی میزبانی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ دسمبر 2022 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ نیوم کا کہنا ہے کہ "سندالہ کی تصور سے حقیقت میں تبدیلی" دو سال کی بھرپور محنت کا نتیجہ ہے اور یہ سعودی وژن 2030 کے تحت ملک کے سیاحتی اہداف کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو نیوم کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی ثابت کرتا ہے۔

مزیدخبریں