نئی دہلی : بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کو قتل کی ایک اور دھمکی موصول ہوئی ہے۔ ا س میں اب زیادہ رقم کا مطالبہ کیاجارہاہے۔ مکیش امبانی کو اب دوسری قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے جس میں پہلی بار کا جواب نہ دینے کی وجہ سے دوسری بار بہت زیادہ رقم کا مطالبہ کیاجارہا ہے۔
بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کو 20 کروڑ بھارتی روپے نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکی دینے والے افراد نے اب 200 کروڑ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی پولیس نے بتایا تھا کہ مکیش امبانی کو ای میل پر قتل کی دھمکی موصول ہوئی جس میں کہا گیا ہے کہ 20 کروڑ روپے ادا کرو ورنہ ہمارے پاس بھارت کے بہترین شوٹرز ہیں۔
اب بھارتی میڈیا کے مطابق مکیش امبانی کو اسی ای میل اکاؤنٹ سے ایک اور دھمکی موصول ہوئی ہے اور زیادہ رقم کا مطالبہ کیاگیا ہے۔
بھارتی پولیس کے مطابق اب شوٹرز 200 کروڑ بھارتی روپے کا مطالبہ کررہے ہیں اور کہا گیا ہے کہ پچھلی ای میل کا جواب نہ دینے کی وجہ سے رقم 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 200 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ای میل کے موصول ہونے کے بعد مکیش امبانی کے سکیورٹی انچارج کی جانب سے نامعلوم شخص کیخلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔