اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی امین گنڈا پور نے اسلحہ اور بندے لانے کے حوالے سے اپنی لیک آڈیو کی تصدیق کردی ہے۔ کہتے ہیں رانا ثنا اللہ نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ یہ نہیں ہو سکتا کوئی ہم پر تشدد کرے اور ہم خاموش رہیں۔
رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈا پور کا آڈیو سے متعلق ردعمل میں کہا کہ ہم پہلے بھی اسلام آباد آئے تھے توہم پر حملہ کیا گیا۔ حملے کے دوران ہمارے12 افراد زخمی ہوئے تھے۔ آئین ہمیں اپنا تحفظ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ ہم نے کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں،اپنا بھرپور دفاع کریں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پہلے بھی رکاوٹیں توڑ کر اسلام آباد پہنچے تھے اب بھی پہنچیں گے۔ رانا ثنا اللہ جیمز بانڈ بن کر تشدد کرے تو ہم برداشت نہیں کریں گے۔ عمران خان نے ہمیں قانون کا احترام کرنا سکھایا ہے۔قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں۔