ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ حسین سلامی نے مظاہرین کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج مظاہروں کا آخری دن ہے، اب مظاہرین سڑکوں پر نہ آئیں۔ مظاہروں کا مذموم منصوبہ امریکا نے بنایا ہے۔
حسین سلامی کا کہنا ہےکہ ایران میں ہونے والے مظاہر وں کے پیچھے امریکا، برطانیہ اور اسرائیل کا ہاتھ ہیں یہ ممالک ایران کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں انہیں ملکوں نے ایران میں بدامنی بھیلانے کامنصوبہ بنایا ہے، حسین سلامی نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اس کا حصہ نہ بنیں، سکیورٹی فورسز ایرانی عوام کے دفاع کے لیے ہیں۔
خیال رہےکہ ایران میں ستمبر میں 22 سالہ مہسا امینی کی زیر حراست موت کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں، مہسا امینی 16 ستمبرکو پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر دل کے دورے سے انتقال کرگئی تھیں۔مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد سے ایران میں پر تشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ،انسانی حقوق گروپ کےمطابق مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک کم ازکم ڈھائی سو افراد ہلاک جب کہ ہزاروں گرفتار ہوچکے ہیں ۔