لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کا دوسرا دن ، ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری پلان جاری کر دیا ۔
ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 4 ڈی ایس پیز تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کیلئے 300 سے زائد ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پر مامور ہیں ۔ آزادی چوک ، راوی پل ، شاہدرہ چوک تا امامیہ پھاٹک تک اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ بیگم کوٹ چوک ، پرانے پل ، سگیاں پل ، السعید چوک میں بھی اضافی وارڈنز تعینات ہیں ۔ شاہدرہ چوک میں لوڈ بڑھنے پر بیگم کوٹ چوک ، کالا شاہ کاکو اور السعید چوک سے ڈائیورشن لگائی جائیں گی ۔
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے مطابق آج حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا دن شاہدرہ سے شروع اور کامونکی میں ختم ہوگا ۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ لوگوں نے عمران خان پر جو محبت نچھاور کی اُس سے سیاسی شعور کا اندازہ ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی خصوصاً ان خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہے جو بچوں کیساتھ آئیں ۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ ہماری اس تحریک میں وہ لوگ شامل ہیں جو اگلی نسل کیلئے نظام بدلنا چاہتے ہیں ۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تحریک کا مقصد عوام کو باآختیار بنانا ہے اور فیصلہ سازی کو بند کمروں سے نکالنا ہے ۔