لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ آج حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا دن شاہدرہ سے شروع اور کامونکی میں ختم ہوگا ۔
اپنی ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ لوگوں نے عمران خان پر جو محبت نچھاور کی اُس سے سیاسی شعور کا اندازہ ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی خصوصاً ان خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہے جو بچوں کیساتھ آئیں ۔
آج #حقیقی_آزادی_مارچ کا دوسرا دن شاھدرہ سے شروع ہو گا اور کامو نکی میں اختتام پذیر ہو گا، لوگوں نے عمران خان پر جو محبت نچھاور کی ہے اس سے عوام کے سیاسی شعور کا اندازہ ہوتا ہے تحریک انصاف خصوصاً ان خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہے جو بچوں کے ساتھ مارچ میں آئیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 29, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اس تحریک میں وہ لوگ شامل ہیں جو اگلی نسل کیلئے نظام بدلنا چاہتے ہیں ۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس تحریک کا مقصد عوام کو باآختیار بنانا ہے اور فیصلہ سازی کو بند کمروں سے نکالنا ہے ۔
دوسری جانب ، وزیراعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ کمیٹی لانگ مارچ سے متعلق امن و امان قائم رکھنے اور سیاسی بات چیت کیلئے قائم کی گئی ہے ۔ لانگ مارچ سے متعلق کسی نے بات کرنی ہے تو کمیٹی سے کی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ ہم جمہوری لوگ ہیں بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔ لیکن کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے ۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت کمیٹی میں 9 ارکان شامل ہیں ۔ ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق ، مریم اورنگزیب ، قمر زمان کائرہ ، خالد مقبول صدیقی ، اے این پی کے میاں افتخار اور مولانا اسعد بھی کمیٹی میں شامل ہیں ۔