اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لانگ مارچ کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی کمیٹی تشکیل دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ کمیٹی لانگ مارچ سے متعلق امن و امان قائم رکھنے اور سیاسی بات چیت کیلئے قائم کی گئی ہے ۔ لانگ مارچ سے متعلق کسی نے بات کرنی ہے تو کمیٹی سے کی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔ ہم جمہوری لوگ ہیں بات چیت کیلئے تیار ہیں ۔ لیکن کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے ۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت کمیٹی میں 9 ارکان شامل ہیں ۔ ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق ، مریم اورنگزیب ، قمر زمان کائرہ ، خالد مقبول صدیقی ، اے این پی کے میاں افتخار اور مولانا اسعد بھی کمیٹی میں شامل ہیں ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے مطابق آج حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا دن شاہدرہ سے شروع اور کامونکی میں ختم ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے عمران خان پر جو محبت نچھاور کی اُس سے سیاسی شعور کا اندازہ ہوتا ہے ۔ پی ٹی آئی خصوصاً ان خواتین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہے جو بچوں کیساتھ آئیں ۔