دبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔پاکستان نے مسلسل تیسرا میچ جیتا ہے اور گرین شرٹس کے سیمی فائنل کھیلنے کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔ پاکستان نے بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان کو شکست دی ہے۔ اب پاکستان کے میچ نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کے ساتھ میچ ہیں۔ دونوں میں سے ایک بھی میچ جیتنے پر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے آج ہونے والے میچ میں افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے اور پاکستان کو 148 رنز کا ٹارگٹ دیا جو پاکستان نے پانچ وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
قبل ازیں ٹاس جیت کر افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز جارح مزاج جوڑی حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔
میچ کے دوسرے اوور میں حضرت اللہ زازئی عماد وسیم کی گیند پر بڑی شاٹ مارتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ افغانستان کو دوسرا نقصان بھی جلد پہنچ گیا جب کہ شہزاد شاہین کو بڑی ہٹ مارتے ہوئے بابر کو کیچ تھما بیٹھے۔
اس موقع پر اصغر افغان اور رحمان اللہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے عماد وسیم کو دو چھکے رسید کیئے، پاکستان کو رحمان اللہ کی وکٹ لینے کا بہترین موقع ملا تاہم عماد نے وہ چانس ضائع کر دیا۔
بابراعظم نے اصغر اور رحمان کی شراکت داری توڑنے کے لیے حارث رؤف کو گیند تھمائی، انہوں نے پاکستانی کپتان کا فیصلہ درست ثابت کیا اور اصغر افغان کو آؤٹ کر دیا۔ رحمان بھی جلد ہی حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کی پانچویں وکٹ 64 رنز گری جب کریم جنت 15 رنزبنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، فخر زمان نے ان کا کیچ پکڑا۔
پاکستان نے لڑکھڑاتی افغانستان کی بیٹنگ پر دباؤ بنائے رکھا، پہلے شاداب اور حسن کے اوور میں صرف دو رنز پڑے۔ اس دباو کا پاکستان کو جلد ہی فائدہ ہو گیا۔ نجیب اللہ شاداب کی گیند پر رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔
اس موقع پر افغانستان کے کپتان محمد نبی نے گلبدین نائب کے ساتھ 76 رنز کی ایک شاندار شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے۔
محمد نبی اور گلبدین نے بالترتیب 35،35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی بہت مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 38 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔