لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین ، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ اور وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے عبدالقدوس بزنجو کو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔
وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے چودھری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا ، چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے سیاسی خلا کو اپنی سیاسی بصیرت اور خوش اسلوبی کے ساتھ حل کیا ۔
واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما اور سابق سپیکر عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے ہیں اور وہ آج شام اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی سادہ مگر پروقار تقریب آج چار بجے گورنر ہاؤس میں منعقد ہو گی جس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا عبدالقدوس بزنجو سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیں گے ۔ حلف برداری کی تقریب میں اراکین اسمبلی ، سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سول و ملٹری حکام بھی شرکت کریں گے ۔
خیال رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے رہنماء جام کمال نے اپنی ہی جماعت کے باغی اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر اسمبلی میں رائے شماری سے ایک روز قبل ہی وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا جس کے بعد بی اے پی نے نئے وزیراعلیٰ کیلئے عبدالقدوس بزنجو کو نامزد کیا تھا ۔