عسکریت پسندوں کے دھرنے کی وجہ سے سبزیوں ، پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

09:53 AM, 29 Oct, 2021

لاہور: عسکریت پسند جماعت کے دھرنے کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ، گاڑیاں نہ پہنچنے سے اشیاء خوردونوش سبزیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں ۔

تفصیلات کے مطابق عسکریت پسند جماعت کی طرف سے راستے بند کرنے کی وجہ گاڑیوں کی آمدورفت رکی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیاء کی دوسرے شہروں سے آمد کا سلسلہ بھی رک گیا ہے ۔

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں آج بھی بند ہیں،  بند راستوں کی وجہ سے شہریوں کو جہاں سفری مشکلات کا سامنا ہے وہیں سبزی منڈی میں گاڑیاں نہ پہنچنے سے اشیاء خورو نوش، سبزیاں اور ہرے مصالحہ جات کی بھی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہےکہ جو اشیاء مل رہی ہیں ،ان کی قیمتیں کئی گنابڑھ گئی ہیں۔

احتجاج کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت اور انٹر نیٹ سروس معطل ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی نہ ہونے سے بیشتر پیٹرول اسٹیشن بھی خالی ہو چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر راستےاسی طرح بند رہے تو یہ مشکلات بڑے بحران میں تبدیل ہو جائیں گی۔

دوسری جانب راولپنڈی میں مری روڈ کے ارد گرد کے کاروباری مراکز اور بیشتر تعلیمی ادارے بند ہیں اور  فیض آباد انٹر چینج سے مریڑ چوک صدر تک مری روڈ دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہے۔

چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل ہے اور فیض آباد سے سکستھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، راولپنڈی میں میٹرو بس سروس صدر سے فیض آباد تک بند ہے جب کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والی بیشتر مرکزی شاہراہیں سیل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

مزیدخبریں