خیبر پختونخوا حکومت نے کیلاش ویلی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی

09:41 AM, 29 Oct, 2020

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے کیلاش ویلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے جس کا مقصد چترال میں کیلاش کی تاریخی ثقافت کا تحفظ ہے۔

اس کا اعلان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر نے پاکستان کونسل برائے عالمی مذاہب کے ساتھ ایک یادداشت کے معاہدے پردستخط کرتے ہوئے کیا۔

اتھارٹی کے قیام کا مقصد اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ وادی کے رہائشی علاقے میں کوئی غیرمنظور شدہ عمارت تعمیرنہ ہو اور قدیم قبائل کے لئے تعمیر کی جانے والی حکومتی سکیموں سے علاقے کی ثقافت کونقصان نہ پہنچے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر زادا نے کیلاش کے مقامی افراد کو اپنی ثقافت سے منسلک رہنے پر سراہا جو اب حکومت کی طرف سے اور محفوظ کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کیلاش ایک قبیلہ ہے جو صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں آباد ہے۔ کیلاش قبائل کی ثقافت یہاں آباد قبائل میں سب سے جداگانہ خصوصیات کی حامل ہے۔ ان کی ثقافت مقامی مسلم آبادی سے ہر لحاظ سے بالکل مختلف ہے اور اس ثقافت کو دیکھنے کے لیے دنیا کے مختلف حصوں سے سیاح بڑی تعداد میں کالاش وادی میں آتے ہیں۔

یہ قبائل مذہبی طور پر کئی خداؤں کو مانتے ہیں اور ان کی زندگیوں پر قدرت اور روحانی تعلیمات کا اثر رسوخ ہے۔ یہاں کے قبائل کی مذہبی روایات کے مطابق قربانی دینے کا رواج عام ہے جو ان کی تین وادیوں میں خوشحالی اور امن کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔

وکی پیڈیا کے مطابق کیلاش قبائل میں مشہور مختلف رواج اور کئی تاریخی حوالہ جات اور قصے عام طور پر روم قدیم روم کی ثقافت سے تشبیہ دیے جاتے ہیں۔ گو وقت کے ساتھ ساتھ قدیم روم کی ثقافت کے اثرات میں کمی آئی ہے اور اب کے دور میں زیادہ تر ہند اور فارس کی ثقافتوں کے زیادہ اثرات واضع ہیں۔ حکومت کی جانب سے قومی ثقافت ورثہ کو وفاقی وزرات تعلیم میں ضم ہونے کے اچھے نتائج آنے لگے۔ یونیسکو کی جانب سے کالاش کی ثقافت کو بین الاقوامی ثقافت قرار دے دیا گیا۔

مزیدخبریں