نئی دہلی :فرانس نے گزشتہ ماہ دئیے گئے رافیل طیاروں کی بقیہ کھیپ بھی بھارت کو دینے کیلئے 5 نومبر تک حوالے کرنے کااعلان کر دیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ فرانس سے مزید 3 رافیل طیارے وصول کریگی، یہ رافیل طیارے 5 نومبر کو بھارت پہنچیں گے جس کے بعد بھارتی فضائیہ کے پاس رافیل طیاروں کی تعداد 8 ہوجائے گی۔
اس سے قبل فرانس سے ملنے والے 5 رافیل طیارے 10ستمبر کو بھارتی فضائیہ میں شامل ہوئے تھے،اس کے علاوہ امید کی جارہی ہے کہ اپریل 2021 تک مزید 16 رافیل طیارے بھارتی فضائیہ میں شامل ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت نے فرانس سے 2016 میں 59 ہزار کروڑ روپے کے 36 رافیل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا تھاتاہم معاہدے میں کرپشن کی خبریں سامنے آنے کے بعد اس کی خریداری التوا کا شکار ہوگئی تھی تاہم گذشتہ سال فروری میں پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپوں میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد اس معاہدے پر پیش رفت میں تیزی آئی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاک بھارت فضائی جھڑپ میں پاکستان کی برتری کا بلواسطہ اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ رافیل کی کمی پورے ہندوستان نے محسوس کی ہے، اگر ہمارے پاس رافیل طیارہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔