عید میلاد النبی ﷺ جمعہ کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

11:17 AM, 29 Oct, 2020

لاہور: ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ 12 ربیع الاوّل 30 اکتوبر بروز جمعة المبارک کو مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ بابرکت دن کی مناسبت سے عام تعطیل ہوگی۔

ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے جس میں درود وسلام کی صدائیں بلند کرتے عاشقان رسول ﷺ شرکت کریں گے۔ یہ جلوس اپنے طے شدہ راستوں سے گزر کر منزل مقصود پر پہنچیں گے۔

مختلف اداروں میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کی مساجد میں علمائے کرام و خطیب اور مشائخ عظام جمعة المبارک کے خطبات میں ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفےٰ ﷺ پر روشنی ڈالیں گے۔

مختلف مقامات پر دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی، کیک کاٹے جائیں گے اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ فرزندانِ اسلام کی جانب سے جشن عید میلاد النبیﷺ کے شایان شان انعقاد کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔

ملک بھر میں جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔ نبی پاک ﷺ کے یوم ولادت کے سلسلے میں تمام سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے گا جبکہ گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت فلیکس سائنز، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاءسے سجایا جا رہا ہے۔ 

12 ربیع الاوّل 30 اکتوبر جمعة المبارک کو جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تعطیل ہو گی جبکہ وفاقی محکموں کے ملازمین ہفتہ، اتوار ملا کر کل تین چھٹیاں گزاریں گے۔ صوبائی محکموں کے ملازمین ہفتہ کے دن کی اتفاقہ رخصت لے کر کل تین چھٹیاں گزاریں گے۔ اس طرح تمام سرکاری ادارے تین روز بند رہنے کے بعد 2نومبر پیر کو کھلیں گے۔

مزیدخبریں