لاہور: گزشتہ ادوار میں وسائل کے مخصوص علاقوں میں ارتکاز اور لوکل گورنمنٹ کو کمزور رکھ کر عوام کا نقصان کیا جاتا رہا ہے۔ عوامی فلاح اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے کام جاری ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور عثمان بزدار کی قیادت میں عوامی فلاح اور علاقائی مسائل کے فوری حل کے لیے کام جاری ہے۔گزشتہ ادوار میں وسائل کے مخصوص علاقوں میں ارتکاز اور لوکل گورنمنٹ کو کمزور رکھ کر عوام کا نقصان کیا جاتا رہا ہے۔ بزدار حکومت نے پنجاب لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیپارٹمنٹ کے تحت اربوں روپے کے منصوبہ جات پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔
مالی سال 2020-21 کے لیے پنجاب کی 9 ڈویژنوں کو 36 اربوں روپے سے زائد کے فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔41 ارب کی لاگت سے شروع کیا جانے والا پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز ایمپرووومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام اس ضمن میں قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت منتخب شہروں میں سالڈ ویسٹ، واٹر سپلائی، لوکل گورنمنٹ اکیڈمیز، گندے پانی کی صفائی اور سمارٹ سٹیز انفراسٹرکچر پر کام کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور ساہیوال، جبکہ دوسرے مرحلے میں سرگودھا، بہاولپور رحیم یار خان، مظفر گڑھ، ملتان اور راولپنڈی میں اس منصوبے پر کا نفاذ کیا جائے گا۔16 دیگر شہروں کی مقامی حکومتوں میں بہتری کے لیے 36 ارب سے پنجاب سٹیز پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔